Header Ads Widget

Responsive Advertisement

Ticker

6/recent/ticker-posts

عید کے دن کا روزہ!!؟؟؟

عید کے دن کا روزہ!!؟؟؟

عید کے دن روزہ رکھنا منع ہے، سیدنا ابو سعید الخدري رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں :
أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نَهَى عَنْ صِيَامِ يَوْمَيْنِ : يَوْمِ الْأَضْحَى، وَيَوْمِ الْفِطْرِ.

"رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے عید الفطر اور عید الاضحٰی کے دن روزہ رکھنے سے منع کیا ہے."

📚 [صحیح بخاری : ١١٩٧ ، صحیح مسلم : ١١٣٨ و اللفظ له]

سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں :

هذان يومانِ نهى رسولُ الله صلَّى اللهُ عليه وسلَّم عن صيامِهما: يومُ فِطْرِكم من صيامِكم، واليومُ الآخَرُ تأكلونَ فيه من نُسُكِكم.
"یہ دو دن ایسے ہیں جن کے روزے سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے۔ یعنی رمضان کے بعد عید الفطر کا دن اور اور دوسرا عید الاضحٰی کا دن جس میں تم اپنی قربانی کا گوشت کھاتے ہو.

📚 [صحیح بخاری : ١٩٩٠، صحیح مسلم : ١١٣٧]

عید الاضحٰی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی سنت :

 نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی سنت ہے کہ آپ عید الاضحی کے دن صبح کو کچھ بھی نہ کھاتے، بلکہ قربانی کے بعد اس کا گوشت تناول فرماتے.
سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں :
كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَا يَخْرُجُ يَوْمَ الْفِطْرِ حَتَّى يَطْعَمَ، وَلَا يَطْعَمُ يَوْمَ الْأَضْحَى حَتَّى يُصَلِّيَ.

"نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم عید الفطر کے دن کچھ کھا کر ہی عید کے لئے جاتے اور عید الاضحی کے دن نماز ادا کرنے تک کچھ نہ کھاتے."
📚 [ سنن الترمذي : ٥٤٢]
ایک حدیث میں ہے :
حَتَّى يَرْجِعَ فَيَأْكُلَ مِنْ أُضْحِيَّتِهِ.
"واپس لوٹ کر قربانی کے گوشت میں سے تناول فرماتے."
📚 [مسند احمد : ٢٢٩٨٤]

امام بیہقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں :

وَلَايَجُوزُ صَوْمُ هَذَا الْيَوْمَ كَمَا لَا يَجُوزُ صَوْمَ يَوْمِ الْفِطْرِ.

"جس طرح عید الفطر کے دن روزہ رکھنا جائز نہیں اسی طرح عید الاضحٰی کا روزہ بھی جائز نہیں."

[فضائل الأوقات للبيهقي، ص : ٤٠٦]

یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم صبح کا کھانا (جسے ناشتہ کہا جاتا ہے) اسے عید کے بعد تناول فرماتے.

ایک غلط فہمی :

عوام الناس میں آجکل عید الاضحی کے دن کا روزہ معروف ہے حالانکہ احادیث میں کہیں بھی نہ تو اس روزے کا ذکر ہے اور نہ ہی یہ کہ انسان پانی وغیرہ پینے سے بھی رک جائے،  بات صرف اتنی ہے کہ اگر آپ سنت پر عمل کرنا چاہتے ہیں تو ناشتہ لیٹ کر کے نماز عید کے بعد کریں یا قربانی ذبح ہو جانے کے بعد اس کے گوشت سے کھانے کی ابتداء کریں، ہاں آپ پانی وغیرہ پی سکتے، روزے میں ممنوعہ دیگر کام بھی کر سکتے ہیں نیز اس سنت پر عمل کے لیے روزے کی دیگر شرائط بھی نہیں ہیں.

Post a Comment

0 Comments